پاکستان

پاکستان اور آذربائیجان کا اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچےجہاں انہوں نے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی، اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے، اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

صدر الہام علیوف سے ملاقات میں وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے اظہار یکجہتی کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچے، ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے ہمراہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں سپریم لیڈر خامہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، پاک-بھارت جنگ میں حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا تھا، اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا تھا۔

قبل ازیں وزیراعظم نے ترکیہ میں بھی صدر رجب طیب اردوان اور ترک قیادت سے ملاقاتیں کیں، چار ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان بھی جائیں گے، جہاں وہ گلیشیئرز کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ تاجکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button