جرائمشو بز

ثنا یوسف کا قاتل گرفتار، ملزم نے دوستی سے انکار پر ٹک ٹاکر کو قتل کیا

اسلام آباد میں قتل ہونے والی ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کو گرفتار کرلیا گیا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے دوستی سے انکار پر ثنا کو قتل کیا۔

اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے 24 گھنٹے سے بھی پہلے ڈھونڈ نکالا۔

ملزم عمر حیات قتل کرکے فیصل آباد فرار ہوگیا تھا، مقتولہ ٹک ٹاکر کے قتل کے بعد فرار کی سی سی ٹی وی ویڈیو نے ملزم کا بھانڈا پھوڑ دیا، پولیس نے قاتل کو فیصل آباد سے گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اندھے قتل کیس کے ملزم کو ڈھونڈنا اسلام آباد پولیس کے لیے بڑا چیلنج تھا، ثنا یوسف کو شام 5 بجے کے قریب دو گولیاں لگیں، جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ ملزم بار بار ثنا یوسف سے رابطہ کر رہا تھا اور ٹک ٹاکر اس سے دوستی سے انکار کررہی تھی، جس کے بعد ملزم نے قتل کا منصوبہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم میٹرک پاس اور کوئی ذریعہ معاش بھی نہیں، ثبوت مٹانے کے لیے ملزم مقتولہ کا موبائل فون اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ملزم عمر حیات پولیس کی گرفت میں ہے اور اسے ناقابل تردید شواہد کے ساتھ تختہ دار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹک ٹاکر کے قتل کی گرفتاری پراسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر محسن نقوی نے لکھا کہ گزشتہ روز ماسک پہنے شخص نے ٹک ٹاکر کو قتل کیا تھا جب کہ پولیس نے ثنا یوسف کے قاتل کو 20 گھنٹے میں پکڑ لیا، شاباش اسلام آباد پولیس!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button