سیاست

عمران خان پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف بن گئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان پارٹی کے پیٹرن انچیف بن گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے کہا ہے وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے چیئرمین شپ سے ہٹانے کی باتیں افواہیں پھیلانے والے لوگ کررہے ہیں، عمران خان پیٹرن چیف ہیں اور میں پارٹی چیئرمین رہوں گا، تاہم تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے، پارٹی کا چیئرمین نہ ہونے کی صورت میں سب کو پتا ہے نتائج کیا ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے سارے دروازے بند کردیے گئے ہیں، احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، اسلام آباد کی کال دینے کے بجائے پورے ملک میں احتجاج ہوگا جس کو خود لیڈ کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج کی ذمہ داری ہمیشہ علی امین گنڈا پور کو دی جاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، احتجاجی تحریک کے حوالے سے تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی اور مختلف لوگوں مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی نے احتجاج کا ابھی کوئی ٹائم فریم نہیں دیا وہ خود دیں گے جب کہ انہوں نے پارٹی لیڈر شپ پر کوئی عدم اعتماد نہیں کیا ہے، عمران خان کو معلوم ہے کہ لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے مسائل بات چیت سے حل ہوں، میں ابھی بھی چاہتا ہوں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں جب کہ عمران خان نے بھی ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا، وہ 2 سال سے جیل میں ہیں انہوں نے ہمیشہ بات چیت کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا، ہم کسی صورت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کریں گے، ہم پرامن احتجاج کریں گے یہ ہمارا حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کے کیسز لگتے نہیں لگتے ہیں تو شنوائی نہیں ہوتی، مخصوص نشستوں پر عدالتیں فیصلہ نہیں کررہی، ہم چاہتے ہیں کامن سینس پرویل ہونی چاہیئے

مزید کہا کہ ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہورہی لیکن بانی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا آپشن کھلا رکھا ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button