سپیشل رپورٹ

مئی میں 85 دہشتگردانہ حملوں میں 102 شہری شہید اور 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے، رپورٹ

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باوجود، عسکریت پسند گروہ پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر بڑھانے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس ) کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باوجود، عسکریت پسند گروہ پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر بڑھانے میں ناکام رہے۔

پی آئی سی ایس ایس کے ماہانہ سیکیورٹی جائزے میں مئی میں 85 دہشتگردانہ حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں 113 افراد لقمہ اجل بنے، ان میں 52 سیکیورٹی اہلکار اور 46 عام شہری شہید جبکہ 11 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ ان حملوں میں چار امن کمیٹی کے ارکان بھی شہید ہوئے،

ان حملوں میں مجموعی طور پر 182 افراد زخمی ہوئے، جن میں 130 عام شہری، 47 سیکیورٹی اہلکار، چار عسکریت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل تھے۔

اپریل کے مقابلے میں مئی میں دہشت گردانہ حملوں میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر، سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں میں 73 فیصد اضافہ ہوا، اور عام شہریوں کے زخمی ہونے میں ڈرامائی طور پر 145 فیصد اضافہ ہوا۔

تاہم، سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تعداد میں 20 فیصد کمی آئی، جو 59 سے کم ہوکر 47 ہوگئی۔

مئی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشنز میں کم از کم 59 عسکریت پسند ہلاک ہوئے، جبکہ پانچ سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں گنوائیں، اس کے علاوہ، سات سیکیورٹی اہلکار اور پانچ عسکریت پسند زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 52 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار بھی کیا۔

مئی 2025 میں دہشت گردانہ حملوں اور سیکیورٹی آپریشنز کو ملا کر مجموعی طور پر 172 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، جن میں 57 سیکیورٹی اہلکار، 65 عسکریت پسند، 46 عام شہری اور چار امن کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔

اس عرصے کے دوران کل 194 افراد زخمی ہوئے، جن میں 130 عام شہری، 54 سیکیورٹی اہلکار، نو عسکریت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل تھا، عسکریت پسندوں نے اس ماہ کم از کم 19 افراد کو اغوا بھی کیا۔

مئی کی سیکیورٹی صورتحال کا ایک نمایاں پہلو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں میں 78 فیصد اضافہ تھا، جبکہ اپریل کے مقابلے میں عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں میں 68 فیصد کمی دیکھی گئی۔

خاص طور پر، مئی اکتوبر 2024 کے بعد پہلا مہینہ تھا جس میں عسکریت پسندوں کی ہلاکتیں دہرے ہندسوں (65) میں ریکارڈ کی گئیں، جو اپریل میں 203 سے نمایاں کم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button