
اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات اور لوئر کوہستان سمیت کئی شہروں میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئیں جب کہ مختلف حادثات میں 2 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
وفاقی دارلحکومت کو اچانک سیاہ بادلوں نے گھیر لیا، مختلف سیکٹرز میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
موسلادھار بارش کے ساتھ تیز آندھی نے نظام زندگی کو متاثر کیا، طوفانی بارش سے گرمی کی شدت کم تو ہو گئی لیکن مختلف علاقوں میں درخت اور سائن بورڈ اکھڑ گئے جب کہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم ابھی تک کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب، پشاور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، تیز ہواؤں کے باعث حیات آباد اسٹیڈیم کی گرل گاڑی پر گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پشاور میں آندھی اور طوفان سے اب تک 5 افراد زخمی ہوئے، متنی میں چھت و دیوار گرنے سے 3 افراد جب کہ دیگر حادثات میں 2 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بدرشی محلہ رحیم آباد میں آندھی طوفان کی وجہ سے دیوار گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، دیوار کی زد میں آنے کے باعث انیس اکبر زخمی ہوا، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا۔
صوبائی کے گاؤں مانکی میں آج شدید آندھی اور طوفان کی وجہ سے گاوں مانکی محلہ شہید آباد میں چاردیواری اور چھت گرنے سے 2 سالہ بچہ جاں بحق جب کہ ان کی والدہ اور ایک بچی زخمی ہوگئی، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب زیارت چم باجا میں طوفانی بارش کی وجہ سے باڑے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹا ملبے تلے دب گئے، مقامی افراد نے زخمیوں ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔
سوات اور اطراف میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔
لوئر کوہستان میں تیز بارش سے شاہراہ ریشم بند ہوگئی، مختلف مقامات پر سیلابی ریلے شاہراہ ریشم پر بہنے سے ٹریفک معطل ہوگئی جب کہ برساتی ریلے میں قربانی کے جانور بھی بہہ گئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے شہر بشام میں ولیج کونسل لوسر شنک میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں حق اور 6 افراد بے ہوش ہوگئے۔