
اسلام آباد کی فضائی حدود میں دفاعی نظام نے دو ڈرون مار گرائے: حکام
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد کے علاقے میں منڈلانے والے دو یو اے وی کو فضائی دفاع نے جمعے کو مار گرایا ہے، جس کی تصدیق سینیئر پاکستانی حکام نے کی ہے۔
پاکستانی حکام تصدیق کی ہے کہ شام سات بج کر 15 منٹ کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں حمزہ کیمپ کے کے اوپر دو ڈرون منڈلا رہے تھے جنہیں ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔
افغان نیوز ویب سائٹ طلوع نیوز نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ افغان فورسز نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں واقع ایک فوجی تنصیب جس کا نام حمزہ ہے، کو نشانہ بنایا ہے۔
اس دوران اسلام آباد کی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کے غیر ملکی میڈیا کے لیے ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ چند ابتدائی نوعیت کے ڈرونز کو روکے جانے کے بعد اسلام آباد کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بھی کہا گیا کہ ’اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی، تاہم تمام پروازیں اب معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔‘



