
امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی ایرانی قونصلیٹ آمد، اظہارِ تعزیت اور یکجہتی
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے وفد کے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا اورایرانی قونصل جنرل مہران مواخدفر سے ملاقات کی۔
جماعت اسلامی کے وفد نے ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے قونصلیٹ میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور شہید رہنما ؤں کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت صرف ایران کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا نقصان ہے۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی دہشت گردی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور ایران اس وقت مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے دفاع کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکمران واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایران کے ساتھ کھڑے ہوں۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے ایران کی سلامتی، استحکام اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وفد میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء انجینئر اخلاق احمد، خالد احمد بٹ، ملک شاہد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری راشد داؤد، صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف، اور صدر جے آئی یوتھ لاہورجبران بٹ بھی شامل تھے۔



