
کویت میں متعدد امریکی فوجی طیارے تباہ، ایران نے ایک جنگی جہاز ایف 15 مار گرایا
کویتی وزارت دفاع نے کہا ہے کویت میں متعدد امریکی فوجی طیارے گر کر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ ایران نے ایک امریکی ایف 15 طیارہ گرانے کی تصدیق کی ہے۔
کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں متعدد امریکی فوجی طیارے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی گئی تاہم طیارے گرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ تمام عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور متعلقہ حکام نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، عملے کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ ان کی صحت کا معائنہ کیا جا سکے اور ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملکی حدودکی خلاف ورزی پر امریکی ایف15لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی دفاع نے مارگرایا، امریکی لڑاکاطیارہ کویت میں گرکرتباہ ہوا۔
ایرانی فوج نے کہا کہ اس نے کویت میں امریکی علی السالم ایئر بیس اور بحر ہند میں جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، فوج کی زمینی اور بحری افواج کے میزائل یونٹس نے گذشتہ گھنٹوں میں کویت میں امریکی علی السالم ایئر بیس اور شمالی بحر ہند میں دشمن جہازوں کو نشانہ بنایا، حملوں میں 15 کروز میزائل استعمال کیے گئے۔



