
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران کے بحرین، ابوظہبی، قطر، کویت، اردن اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں پر جوابی میزائل حملے
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی میزائل حملے کیے ہیں۔
اب تک کی معلومات کے مطابق بحرین، ابوظہبی اور قطر میں میزائل حملے ہوئے ہیں جبکہ ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے میزائلوں اور ڈرونز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور قطر اور متحدہ عرب امارات میں دیگر امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں ’فوجی اور سیکورٹی مراکز‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
بحرین:
بحرین کی نیشنل کمیونیکیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سروس سینٹر کو ’میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے‘۔
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ بحرین امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹرز کا مرکز ہے، جس کا دائرہ کار خلیج، بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحرِ ہند کے بعض حصے شامل ہیں۔
ابوظہبی:
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آج ملک کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے ایک ’جارحانہ حملے‘ کا سامنا کرنا پڑا، جسے اماراتی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا اور متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق دارالحکومت ابوظہبی کے ایک رہائشی علاقے میں میزائلوں کے ملبے کے گرنے سے کچھ مالی نقصان ہوا اور ایشیائی نژاد ایک شخص ہلاک ہوا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کی سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
خیال رہے ابوظہبی میں الظفرہ ایئر بیس ہے جہاں امریکی اہلکار تعینات ہیں۔
یہ متحدہ عرب امارات میں واقع ایک اہم فضائی اڈہ ہے جہاں امریکی فضائیہ کے اہلکار اور طیارے بھی تعینات رہتے ہیں اور یہ خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے لیے ایک سٹریٹیجک مرکز سمجھا جاتا ہے۔
قطر:
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں اور فضائی حملے کے سائرن کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے ریاستی میڈیا کے مطابق کہا ہے کہ ملک کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کو ’مہارت سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔‘
ایک قطری اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ بیٹری نے ایک ایرانی میزائل کو روک لیا۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے قطری وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
قطر میں ’العدید ایئر بیس‘ موجود ہے، جو خطے میں سب سے بڑی امریکی فوجی اڈہ ہے۔ اس اڈے پر اس سے قبل بھی ایران کی طرف سے میزائل داغے گئے تھے۔
ریاض:
اے ایف پی کے مطابق ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے قطر اور بحرین میں امریکی اڈے پر حملوں کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔
قبل ازیں قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ملک کی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو روک کر مار گرایا گیا۔



