
اٹلی کا پاکستانی ہنر مندوں کیلئے ساڑھے 10ہزار ویزوں کا اعلان
اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے کا کہنا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبر کو ساڑھے 10ہزار ویزے فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی جس میں داخلی سیکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبر کو ساڑھے 10ہزار ویزے دیں گے جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ والوں کو ویزے سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
میٹیو پینٹے ڈوسی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی بات کی تھی۔
دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی ملاقات میں انسداد منشیات و انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔



