پاکستان

نیشنل گرڈ کمپنی کی جانب سے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل کیلئے مینٹننس کے کام مکمل

نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے رمضان المبارک اور آنے والے موسم گرما سے قبل ملک بھر میں واقع گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز پر مینٹننس کی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کر لی ہیں جس سے قومی گرڈ کی قابلِ اعتماد کارکردگی کو مزید مستحکم بنایا گیا ہے۔یہ کام ملک بھر میں این جی سی کی ایسیٹ مینجمنٹ کی ٹیموں نے انجام دیئے جن میں اہم ہائی وولٹیج گرڈ سٹیشنز کے بنیادی آلات کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال شامل تھی۔
این جی سی ٹیموں نے 500 کے وی نوکھر گرڈ سٹیشن پر بس بار کی مرمت، 220 کے وی کالا شاہ کاکو گرڈ سٹیشن پر سرکٹ بریکرز کی اوورہالنگ اور 220 کے وی سرفراز نگر گرڈ سٹیشن پر 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کے ٹیپ چینجر کی سروسنگ مکمل کی۔ اسی طرح 500 کے وی جامشورو گرڈ سٹیشن پر 160 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کے ٹیپ چینجر کی بھی اوورہالنگ کی گئی۔
ترجمان این جی سی محمد ابراہیم کے مطابق مینٹننس سرگرمیاں سسٹم کے استحکام کا ذریعہ ہوتی ہیں جو معمول کے مطابق ماہرین کی ٹیمیں اپنے شیڈول کے تحت سرانجام دیتی رہتی ہیں تاہم رمضان المبارک سے قبل ان کاموں کی تکمیل سے این جی سی ٹیموں نے یہ یقینی بنایا ہے کہ صارفین کو ماہ مقدس کے دوران مستحکم اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی میسر رہے۔
علاوہ ازیں، این جی سی مینجمنٹ نے ملک بھر میں جاری مینٹننس پروگرام کو بروقت، معیاری اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کیلئے جنرل منیجر (ایسیٹ مینجمنٹ) نارتھ انجینئر انیس احمد اور جنرل منیجر (ایسیٹ مینجمنٹ) ساؤتھ انجینئر محمد رفیق کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ این جی سی ملک بھر میں صارفین اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو محفوظ، مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے شیڈول کے مطابق مرمتی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button