پاکستان

وفاقی حکومت کی 55 ہزار اسامیاں ختم

وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کی جاری مشق کے نتیجے میں اب تک مختلف وزارتوں اور محکموں میں 55؍ ہزار 545؍ خالی آسامیوں کو ختم یا مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ساختی اصلاحات کے تحت اب تک 44؍ ہزار 286؍ خالی اسامیوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ 11؍ ہزار 259؍ آسامیوں کو ’’ڈائنگ کیڈر‘‘ قرار دیا گیا ہے، یعنی یہ اسامیاں خالی ہونے یا موجودہ عہدیداروں کی ریٹائرمنٹ کے بعد بتدریج ختم ہو جائیں گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ایک اعلیٰ ذریعے نے بتایا کہ یہ تازہ ترین اعداد و شمار ہیں۔ یہ عمل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تشکیل کردہ کمیٹی کی نگرانی میں جاری ہے، جس کا مقصد وفاقی حکومت کو موثر بنانا، اخراجات میں کمی اور انتظامی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔ 2024ء کے وسط میں شروع کی گئی اس رائٹ سائزنگ مہم میں تمام وفاقی وزارتیں، ان سے منسلک سیکڑوں محکمے اور خودمختار ادارے شامل ہیں۔ اس مشق کا بنیادی ہدف طویل عرصے سے خالی یا غیر ضروری آسامیاں ختم کرنا ہے تاکہ کم سے کم خلل کے ساتھ تنخواہوں کے بجٹ میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جاری معاشی چیلنجز کے تناظر میں بار بار کے اخراجات کو کم کرنے اور وفاقی افرادی قوت کے حجم کو معقول بنانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ 2024ء میں کابینہ نے وفاقی حکومت میں تقریباً ایک لاکھ 50؍ ہزار آسامیوں کے خاتمے کی منظوری دی تھی، ساتھ ہی آرمی ایکٹ میں ترمیم کی اجازت دی گئی تھی تاکہ رائٹ سائزنگ سے متاثرہ ملازمین کیلئے مالی پیکیج فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button