کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔

148 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کیا، فہیم اشرف کی آخری لمحات میں زبردست بیٹنگ نے شائقین کے دل جیت لیے۔

کولمبو میں ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم نے پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، پہلی اننگ میں نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

میچ کے آغاز کے بعد نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری، میکس ڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے جبکہ نیدرلینڈز کی دوسری وکٹ 31 رنز پر گری جب محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔

بعد ازاں نیدرلینڈز کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 105 تک پہنچایا جس کے بعد محمد نواز نے ان کی پارٹنر شپ کو بریک لگوا دیا اور قومی ٹیم نے چوتھی وکٹ حاصل کر لی۔

اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے نیدرلینڈز کے بیٹرز کے کیچ پکڑنے کا سلسلہ جاری رہا اور اس کے بعد تمام بیٹرز کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 اور شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

شاداب خان 4 اوورز میں 26 رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

ہدف کا تعاقب

پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز کرنے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان میدان میں آئے اور آتے ہی صائم ایوب نے اپنا روایتی انداز اپنایا اور ٹیم کو زبردست تیز آغاز فراہم کیا۔

صائم ایوب کچھ ہی دیر کریز پر رُکے، وہ 13 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں پاکستان کی تیسری اور چوتھی وکٹ 98 رنز پر گری، صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز اور عثمان خان کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں (12.4) اوورز میں پاکستان کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی جب بابر اعظم 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 114 رنز پر گری، محمد نواز 6 اور شاداب خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں فہیم اشرف کی شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔

فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یک جہتی کے لیے کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔

پاکستان کے گروپ میں نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button