پاکستان

کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد ہماری قومی ذمہ داری ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ

پاکستان کا ہر شہری کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے:سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر واوقاف علماء کا خطاب

سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد ہماری قومی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایوانِ اوقاف سے جی پی او چوک تک نکالی گئی یکجہتی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں اوقاف افسران شاہد حسن کلیانی، محمد شاکر سندھو، شاہد یعقوب، عظیم حیات،محمد یوسف،چوہدری طاہر احمد،جہانگیراحمد،اوقاف علماء کرام مولانا مختار حمد ندیم، مولانا محمد احمد، ڈاکٹر مفتی رمضان سیالوی اور ڈاکٹر مفتی کریم خان سمیت دیگرعلماء کرام، مشائخ عظام، اسکالرز اور ملازمین کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں خصوصی تقریبات، ریلیاں، سیمینارز اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم ان کا عزم، حوصلہ اور استقلال آج بھی ناقابلِ شکست ہے اور آزادی کی جدوجہد پوری قوت سے جاری ہے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور حکومتِ پاکستان عالمی سطح پر ہر فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ پوری قوت اور مؤثر انداز میں پیش کرتی رہے گی۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے ان اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، شہدائے کشمیر کے بلند درجات اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ محکمہ اوقاف پنجاب آئندہ بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنا مؤثر اور مثبت کردار پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔
آخر میں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ ہمیں دعا، اتحاد اور مسلسل سفارتی و اخلاقی جدوجہد کے ذریعے کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا ہے، اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب آزادیِ کشمیر کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button