
داتا دربار میں زائرین کیلئے بہترین خدمات کی دستیابی اولین ترجیح: نبیل جاوید
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی خصوصی دلچسپی اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پر آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع اور ترقی کے منصوبے پر اس انداز میں کام کیا جا رہا ہے کہ ہر سال آنے والے لاکھوں زائرین کو سہولت، تحفظ اور بہتر انتظامی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بات انہوں نے ہجویری ہال میں منعقدہ داتا دربار توسیعی منصوبے سے متعلق پیش رفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور مدینہ فاؤنڈیشن شاہد کلیانی، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی جنرل منیجر نیسپاک عادل رضا، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ایکسین اوقاف محمد قیصر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ان کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں اور واضح ٹائم لائنز مقرر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام تعمیراتی سرگرمیاں دربار کے تقدس، تاریخی اہمیت اور روحانی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دی جا رہی ہیں۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے سیکرٹری اوقاف کی جانب سے ایچ وی اے سی (HVAC) سسٹم کی شفاف نیلامی کو سراہا، جو 20 ملین روپے کی بیس پرائس کے مقابلے میں 60 ملین روپے میں مکمل کی گئی۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو مدینہ فاؤنڈیشن اسلم ترین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ترقیاتی کام کی تکمیل میں مکمل تعاون فراہم کیا۔
نبیل جاوید نے منصوبے میں شامل تمام محکموں اور تکنیکی ٹیموں کی مشترکہ کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زائرین کی سہولت کے لیے منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اسی جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھا جائے۔



