
ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی) آل ٹریڈرز فیڈریشن کے مرکزی صدر سردار شاہنواز ،جنرل سیکرٹری سجاد خان جدون کی سربراہی میں تاجروں کےوفد نےضلعی پولیس آفیسر سے تعارفی ملاقات کی ۔شہر میں امن و امان کے قیام ،تاجروں کو محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنے ،چوریوں کی روک تھام ،سیکورٹی کیمروں کی تنصیب ،تجاوزات اور منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ نثار احمد ،سردار سلیم ،رشید لودھی ،سردار محمد رومان ،فرید ستی ،شیخ عتیق الرحمن،محمد خالد ،سمیع اللہ،حاجی نعیم صراف ،سردار ظہیر ،مہر علی اور دیگر تاجر رہنما موجود تھے۔صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن سردار شاہنواز کا کہناتھا ایبٹ آباد کے 30 ہزار سے زائد تاجروں کی ترجمانی کرتے ہیں اور سیلاب متاثرین سمیت کسی بھی مشکل حالات میں ایبٹ آباد کے تاجروں نے فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ایبٹ آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شہر کی ترقی کے لئے بہترین لیزان رہا ہے۔انہوں نے ڈی آر سی میں آل ٹریڈرز فیڈریشن کی نمائندگی کو یقینی بنانے اور امن کمیٹی ممبران کے مستقل کارڈ بھی جاری کرنے پر زور دیا۔ڈی پی او ہارون رشید خان کا کہناتھا بازاروں میں کیمروں کی تنصیب سے کسی بھی جرم کا سراغ لگانے میں سہولت ہوتی ہے۔تاجر اپنی دکانات کے بائر تجاوز نہ کرنے دیں۔انہوں نے بتایا ایبٹ آباد ایک پُرامن شہر ہے جہاں ایک سال میں 62 قتل ہوئے جبکہ اس کی نسبت صوابی میں 229 اور مردان میں تین سو سے زائد قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے۔اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف پولیس منظم طور پر ان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ سزا کا عمل یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ عادی منشیات استعمال کرنے والوں کے لئے علاج معالجہ کے لئے طبی سہولیات پشاور کی نسبت ایبٹ آباد میں کم ہیں ۔پشاور میں منشیات کے عادی افراد کے لئے 16 سو بیڈ ہیں اور ایبٹ آباد میں 30 ہیں ۔تاہم منشیات فروشوں کے خلاف پولیس سخت ایکشن لے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو اس لعنت سے محفوظ بنا سکیں۔اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی جس پر پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی قیمت دہانی کرائی گئی ہے۔



