ٹی ایم اے نے ٹرانسپورٹ یونین کو بے دخل کرکے عدالتی حکم کی دھجیاں بکھیر دیں

ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)جنرل بس سٹینڈ پر ٹی ایم اے نے ٹرانسپورٹ یونین کو بے دخل کرکے عدالتی حکم کی دھجیاں بکھیر دیں ۔
ٹرانسپورٹ یونین نے تحصیل میونسپل آفیسر کے فیصلے کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے اڈہ سے تمام روٹ کی گاڑیوں کی ہڑتال کرتے ہوئے آج دن 11 بجے تک ڈیڈ لائن دیدی۔
جنرل بس اڈہ ایبٹ آباد میں ٹرانسپورٹرز اور ٹی ایم اے میں تنازعہ شدت اختیار کر چکا ہے۔اس ضمن میں گزشتہ روز ہزارہ بھر کے ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران نے ٹی ایم اے کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اڈہ مینجمنٹ ٹی ایم اے کا کام ہے لیکن مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو زرہ بھر بھی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
ٹی ایم اے نے یکمشت راولپنڈی ،اسلام آباد ،اٹک ،پشاور ،چکوال ،مظفر آباد سمیت دیگر روٹ پر گاڑیوں کا ٹیکس دگنا کر دیا تھا جس پر ٹرانسپورٹرز ادائیگی کر رہے تھے ۔
لیکن ٹی ایم او اپنے ٹھیکیدار ساتھ لیکر آیا ہوا ہے اور اس نے جبر کرتے ہوئے فیصلہ کیا ۔جس کے خلاف ہائیکورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا لیکن اس کی بھی ٹی ایم اے نے بھی پاسداری نہیں کی ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ مینجمنٹ ٹرانسپورٹرز کے بغیر ممکن نہیں ۔منشی اور ہاکر سمیت دو سو سے زاہد لوگوں کا روزگار وابستہ تھا حادثات اور دیگر مسائل پر یونین ہی دوڑ دھوپ کرتی ہے ۔
اب ٹی ایم اے فیصلے کے بعد مزاحمت کے بنا کوئی چارہ نہیں ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر آج دن گیارہ بجے تک فیصلہ واپس نہ ہوا تو ہزارہ بھر کے ٹرانسپورٹ یونین اپنا لائحہ مرتب کرے گی ۔
ادھر اڈے میں گاڑیوں کی پہیہ جام ہڑتال سے بین الاضلاعی روٹ پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔اس موقع پر قاضی فاروق چیئرمین متحدہ ٹرانسپورٹ ، ویگن اونر مانسہرہ کے صدر جان عالم ،حاجی مسلم سینئر نائب صدر ہری پور ، شاہ حسین بٹگرام ،راجہ طاہر نواز بالاکوٹ ،ایبٹ آباد کے محمد علی،واجد خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
عہدیداران نے ایم این اے علی خان جدون ،ایم پی اے مشتاق احمد غنی ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم کی خاموشی اور بے رخی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔



