وی آئی پی شخصیات کے ساتھ سیکیورٹی ملازمین کا فوری نفسیاتی ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت جاری کی ہے کہ انتہائی اہم ترین شخصیات کے ساتھ سیکیورٹی کی ڈیوٹی کرنے والے تمام پولیس ملازمین کا فوری طور پر نفسیاتی ٹیسٹ کروایا جائے
قابل اعتماد ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک دشمن دہشت گردوں کی طرف سے وی وی آئی پیز اور اہم تنصیبات پر حملوں کے خدشات کو نظر انداز نہ کیا جا سکتا ہے.
اہم شخصیات کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے پولیس کے مسلح ملازمین ذہنی طور پر فٹ، چاک و چوبند اور مضبوط اعصاب کے حامل ہونے چاہیے جس کے لیے ضروری ہے کہ وی وی آئی پیز کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے پولیس کے ملازمین کا فوری طور پر سائیکالوجیکل ٹیسٹ ماہرین نفسیات سے کروایا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسے ملازمین ہنگامی صورتحال میں اپنے فرائض منصبی بہادری کے ساتھ انجام دیں گے ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کے حکام کی طرف سے انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ ایسے پولیس ملازمین کے نفسیاتی ٹیسٹوں کی خاطر فوری طور پر جامع پلان تیار کیا جائے ان ٹیسٹوں کے نتیجہ میں پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور اسے مؤثر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے



