
آرگینک برآمدات کیلئے تحقیق، سرٹیفکیشن ، لیبلنگ ،مارکیٹنگ پر توجہ دی جائے’ نجم مزاری
آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ حکومتی سرپرستی اور توجہ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود آرگینک خوراک کی عالمی مارکیٹ میں ابھی تک نمایاں مقام حاصل نہیں کر سکا،عالمی معیارات کو اپنا کر پاکستان ابتدائی مراحل میں آرگینک اجناس ، جڑی بوٹیاں اور شہد برآمد کر سکتا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس شعبے کی سرپرستی کرے تو پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے لیکن اس کے لیے تحقیق، سرٹیفکیشن ، لیبلنگ اور مارکیٹنگ کے نظام پر توجہ مرکوز کرناہو گی ۔
انہوں کہا کہ یہ وقت ہے کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل آرگینک خوراک اور مصنوعات کے شعبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے، سرپرستی سے سرمایہ کاری کو اس جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔
مطالبہ ہے کہ عملی پیشرفت کے تناظر میں کسانوں کی تربیت، برانڈ ڈیویلپمنٹ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے پالیسی فریم ورک تیار کیا جائے۔اگر پاکستان نے بروقت اقدامات کیے تو نہ صرف آرگینک خوراک کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے بلکہ دیہی معیشت کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کی جا سکتی ہے۔
نجم مزاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت جس طرح صوبے کی ترقی کے لئے غیر معمولی سر گرمیاں کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں ، اپیل ہے کہ پنجاب حکومت آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری اور اس کی برآمدات کے فروغ کے لئے اس شعبے کے ماہرین کو تجاویز دینے کے لئے مدعو کرے ۔



