
تھل ڈیزرٹ ریلی، لیہ، کوٹ ادو ،مظفرگڑھ میں رنگ جمائے گی، ڈاکٹر احسان بھٹہ
سیکرٹری ٹورزم، آثارِ قدیمہ و میوزیم پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ تھل ڈیزرٹ ریلی 6 سے 9 نومبر تک لیہ، کوٹ ادو، مظفرگڑھ کے وسیع ریگستانی خطے میں منعقد ہو گی، جس سے علاقے میں موٹر سپورٹس، ثقافتی رنگا رنگ اور وراثتی سیاحت کے مرکز میں بہترین تبدیل لائے گی۔ وہ گزشتہ روز لاہور میوزیم میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ میگا ایونٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی “میگنیفیسنٹ پنجاب” وژن کے تحت اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جنوبی پنجاب کی تہذیبی عظمت اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا ہے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ ریلی محض سپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ ثقافتی و معاشی ترقی کا محرک ہے جس کے ذریعے تھل کی صدیوں پرانی صوفی روایت، لوک موسیقی، دستکاری اور ریگستانی طرزِ حیات کو قومی سطح پر نمایاں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز انتظامی تعاون، مہمان نوازی اور مقامی ثقافتی میلوں کے اہتمام میں بھرپور معاونت فراہم کر ینگے تاکہ مقامی فنکاروں، گلوکاروں کو اپنے فن کے اظہار اور معاشی مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت مکمل سکیورٹی، ہنگامی طبی امداد اور محفوظ ماحول یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب عاصم رضا نے بتایا کہ ریلی میں تقریباً 100 ڈرائیورز حصہ لیں گے جن میں خواتین ڈرائیورز اور ملک بھر کے معروف ریلی چیمپئن میر نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی، زین محمود اور خاکوانی برادران شامل ہیں۔ ریلی کے ساتھ ساتھ لوک موسیقی کی محفلیں، اونٹ و گھوڑوں کے شوز، ٹینٹ پیگنگ، ہنر مندوں کی دستکاری مارکیٹس اور صحرائی ثقافتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے، جو جنوبی پنجاب کی ثقافتی عظمت، روایت اور مثبت شناخت کو شاندار انداز میں اجاگر کریں گے۔
تقریب میں ٹی ڈی سی پی، ڈسکور پاکستان اور پاک وہیلز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ ایم او یو کے مطابق ڈسکور پاکستان دسویں تھل جیپ ریلی کے لئے آفیشل میڈیا پارٹنر جبکہ پاک وہیلز آفیشل سوشل میڈیا پارٹنر ہو گا۔



