معمولی اشتعال انگیزی کا بھی فیصلہ کن جواب دیں گے، آرمی چیف کا بھارت کو انتباہ
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے مئی میں پڑوسی ملک کے ساتھ ہونے والے تنازع کے دوران پاکستان کی ’واضح فتح‘ کو سراہا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ میں بھارت کی عسکری قیادت کو نصیحت اور واضح طور پر خبردار کرتا ہوں کہ جوہری ماحول میں جنگ کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
آرمی چیف نے مطالبہ کیا کہ نئی دہلی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بنیادی مسائل حل کرے، ہم آپ کی دھمکیوں سے نہ تو خوفزدہ ہوں گے اور نہ ہی دباؤ میں آئیں گے، اور کسی بھی معمولی اشتعال انگیزی کا بلا کسی تردد فیصلہ کن جواب دیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’کسی بھی ممکنہ کشیدگی کا بوجھ، جو پورے خطے اور اس سے آگے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے، مکمل طور پر بھارت کے سر ہوگا‘۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اگر کوئی نیا تنازع شروع ہوا، تو پاکستان اس کا جواب حملہ آوروں کی توقعات سے کہیں بڑھ کر دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کہ جنگ اور مواصلات کے علاقوں کے درمیان فرق کم ہوتا جا رہا ہے، ہمارے ہتھیاروں کے نظام کی پہنچ اور تباہ کن صلاحیت بھارت کے جغرافیائی جنگی تصور کی غلط فہمی کو توڑ دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جوابی کارروائی سے بھارت کو جو فوجی اور معاشی نقصان پہنچے گا، وہ اس کے وہم و گمان سے بھی کہیں زیادہ ہوگا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایک ایسی جنگ آزمودہ فوج، جس نے 2 دہائیوں سے زائد عرصہ غیر روایتی محاذ پر جنگ لڑی، اس نے اب اپنی روایتی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا ہے، اور دشمن کو تیز اور فیصلہ کن ضرب لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک، مسلح افواج نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک کی بیرونی اور اندرونی سرحدوں کا دفاع غیر متزلزل عزم، یقین اور فخر کے ساتھ کیا ہے۔



