
یوکرین کے صدر ولودو میر زیلنسکی نے حیران کن پیشگوئی کہ ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جلد مرجائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے بدھ کو ایک انٹرویو میں پیشگوئی کی کہ پیوٹن کی صحت خراب ہورہی ہے اور وہ جلد وفات پاجائیں گے۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ پیوٹن جلد مر جائیں گے، یہ ایک حقیقت ہے اور یہ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔
زیلنسکی نے مزید کہا کہ پیوٹن اپنی موت تک اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں اور مغرب کے ساتھ براہ راست تصادم کے خواہاں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ 72 سالہ روسی صدر اپنی زندگی کے اختتام کے قریب ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے پیوٹن کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، خاص طور پر جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔ تاہم، کریملن نے ان افواہوں کی کئی بار تردید کی ہے اور پیوٹن کی خراب صحت کے کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔
اکتوبر میں پیوٹن کی کچھ تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں ان کے ہاتھوں پر کچھ نشانات دیکھے گئے تھے جب وہ فوجیوں سے ملاقات کر رہے تھے، جس سے یہ قیاس آرائیاں ہوئیں کہ پیوٹن کا کینسر کا علاج ہو رہا ہے۔ تاہم، ان نشانات کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی۔
اس کے علاوہ یہ بھی افواہیں پھیل چکی ہیں کہ پیوٹن کو فالج یا اعصابی بیماری پارکنسن لاحق ہو سکتی ہے۔