یو اے ای میں مصنوعی ذہانت، تفریح، لیژر بوٹس ماہرین کیلئے نئی ویزا کیٹگری متعارف
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وفاقی اتھارٹی برائے شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (آئی سی پی) نے 29 ستمبر بروز پیر، یو اے ای میں داخلے کے ویزا قوانین میں نئی ترامیم اور اضافے کا اعلان کر دیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق نئے ویزا ضوابط میں 4 نئی وزٹ ویزا کیٹگریز متعارف کروائی گئی ہیں، جو مصنوعی ذہانت، تفریح، ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے ماہرین کے لیے ہیں۔
ایک سال کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائشی پرمٹ جاری کیا جائے گا، جس میں مخصوص شرائط کے تحت اتھارٹی کے فیصلے سے توسیع کی جا سکتی ہے۔
غیر ملکی بیوہ یا مطلقہ کو ایک سال کے لیے رہائشی پرمٹ دیا جائے گا، جسے مقررہ شرائط کے تحت اسی مدت کے لیے دوبارہ تجدید کیا جا سکتا ہے۔
دوست یا رشتہ دار کے لیے وزٹ ویزا اسپانسر کو تیسرے درجے تک کے دوست یا رشتہ دار کو اسپانسر کرنے کی اجازت دے گا، جو اسپانسر کی آمدنی کی بنیاد پر ہوگا۔
بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے مالی طور پر مستحکم ہونا ضروری ہے، تاکہ کوئی کمپنی قائم کی جا سکے، یا ملک سے باہر موجود کسی کمپنی میں شراکت داری ہو، یا پیشہ ورانہ تجربہ ثابت کیا جا سکے۔
ٹرک ڈرائیور ویزا کے لیے اسپانسر کی موجودگی، اور صحت و مالیات کی ضمانتیں درکار ہوں گی۔
واضح شیڈولز میں ہر ویزا کی قسم کے لیے مجاز قیام کی مدت اور توسیع کی شرائط کو متعین کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں دبئی نے سفری پابندی اور ملک بدری سے متعلق نئے قوانین متعارف کروائے تھے۔



