دنیا

حماس نے اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈرکو رہا کردیا

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو رہا کردیا

بی بی سی اور سی این این کی رپورٹ کے مطابق حماس نے بتایا کہ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی 21 سالہ ایڈان الیگزینڈر کو ریڈ کراس کے حوالے کیا، بعد ازاں انہیں غزہ سے باہر منتقل کر کے اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا گیا۔

دریں اثنا، اسرائیلی عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایڈان الیگزینڈر کو حماس کی جانب سے ریڈ کراس کے حوالے کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایڈان الیگزینڈر کی رہائی کے بعد 58 یرغمالی اب بھی غزہ میں قید ہیں، جن میں سے کم از کم 20 کے زندہ ہونے کا اندازہ ہے، ہلاک ہونے والے یرغمالیوں میں 4 امریکی شہری بھی شامل ہیں، جن میں شوہر اور بیوی گیڈی ہیگئی اور جوڈی وائنسٹائن ہاگئی کے علاوہ سپاہی ایتے چن اور اومر نیوٹرا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے تعلقات میں تناؤ بڑھنے کے ساتھ ہی آج صبح خبر سامنے آئی تھی کہ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو حماس کی جانب سے آج غزہ میں رہا کیے جانے کا امکان ہے۔

21 سالہ ایڈن الیگزینڈر غزہ کی سرحد پر ایلیٹ انفنٹری یونٹ میں خدمات انجام دے رہا تھا، جب اسے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران یرغمال بنالیا گیا تھا۔

اسرائیل کا کہنا تھا کہ الیگزینڈر کی رہائی کے لیے غزہ میں ’ایک محفوظ راہداری‘ ہوگی، لیکن اس نے جنگ بندی کا وعدہ نہیں کیا تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ کا دورہ منگل سے شروع ہو رہا ہے، انہوں نے الیگزینڈر کی طے شدہ رہائی کو ’یادگار خبر‘ قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button