53ویں کامن کے پروبیشنری افسران کا تاریخی ورثے کا دورہ، وزیراعلی کے میگنیفیسینٹ پنجاب وژن کی تعریف

53ویں کامن کے پروبیشنری افسران کے وفد نے گزشتہ روز لاہور میں تاریخی پونچھ ہاؤس اور سر شاہ دین بلڈنگز کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن انڈسٹریز جاوید احمد اور کنزرویشن کنسلٹنٹ ملک مقصود احمد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
وفد نے اس دورے کو ’’مثالی، بصیرت انگیز اور پنجاب کی شاندار تہذیبی وراثت کی جیتی جاگتی تصویر‘‘ قرار دیتے ہوئے سیکرٹری ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ اور محکمہ انڈسٹریز کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے تاریخی ورثے کے تحفظ پر مبنی شاندار نمائش کا اہتمام کیا۔
وزیر اعلی کے میگنیفِسنٹ پنجاب کے وژن کے تحت، وفد نے خصوصاً بھگت سنگھ گیلری، پونچھ ہاؤس کی 1931 کی عدالت کے دو ریپلیکا، شادی لال بلڈنگ کی بحالی، اور شادی لال و غازی علم دین شہید کی نئی تین گیلریز کو بے حد سراہا۔
وفد نے اُس تاریخی عدالت اور حوالات کا بھی معائنہ کیا جہاں غازی علم دین شہید کو 1930 کی دہائی میں اپیل کے دوران قید رکھا گیا تھا۔
وفد نے حکومت پنجاب کے سیاحت وژن کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے محکمہ سیاحت، محکمہ انڈسٹریز اور ٹیوٹا کا شاندار مہمان نوازی اور ورثہ بچاؤ کی بہترین کاوشوں پر خصوصی شکریہ ادا کیا، جس نے پنجاب کی ثقافتی اور تاریخی شناخت کو عالمی معیار پر پیش کرنے میں ایک نیا سنگِ میل قائم کیا۔



