
حکومت کا پاکستان بھر میں سیل کی گئی مساجد فوری کھولنے کا فیصلہ
تنظیمات اہل سنت پاکستان اور اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے درمیان ہونیوالے اہم مذاکرات میں پاکستان بھر میں سیل کی گئی تمام مساجدفوری کھولنے اور آئندہ کوئی مسجد سیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تنظیمات اہل سنت کا کہنا ہے کہ یہ مساجد ٹی ایل پی کی نہیں بلکہ اہل سنت کی ہیں جو ٹی ایل پی سمجھ کر بند کردی گئی ہیں
مذاکرات میں ڈی جی آر ای سے رجسٹرڈ مدارس فوری کھولنے اور بیگناہ کارکنان کوفوری رہا کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، طے پایا ہے کہ ،تنظیمات اہلسنت بیگناہ افراد کی فہرست مہیا کریگی۔
مذاکرات میں تنظیمات اہل سنت نے ملک میں امن وامان کی فضا ہموار کرنے اور فرقہ وارنہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مذاکرات میں مذہبی اور قومی مسائل پر باہمی مشاورت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ تنظیمات اہل سنت کے وفد کی قیادت پیر زادہ محمد امین قادری نے کی، وفد میں ڈاکٹر ابو الخیر زبیر،پیر عبدالخالق قادری، میر آصف اکبراور مفتی کریم خان شامل تھے۔جبکہ حکومت کی طرف سے اعلیٰ سطحی وفد موجود تھا۔



