
روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس میں متعدد مکانات تباہ اور ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز روس نے یوکرین پر جنگ کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا، جس میں متعدد مکانات تباہ اور کم از کم ایک خاتون ہلاک ہو گئی، یہ واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی پر بات چیت سے ایک روز قبل پیش آیا۔
یوکرین کی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روس نے یوکرینی شہروں پر 273 ڈرون حملے کیے تھے، جو فروری میں جنگ کی تیسری سالگرہ پر ماسکو کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہیں۔
یوکرین کی انٹیلی جنس سروس نے یہ بھی کہا کہ اس کا خیال ہے کہ ماسکو کا اتوار کے روز ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل داغنے کا بھی ارادہ تھا، جو مغرب کو ڈرانے کی کوشش تھی، ماسکو کی جانب سے اس الزام پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔