
رحیم یار خان کی تحصیل خانپور کے نواں کوٹ قصبے میں مبینہ طور پر 100 سے زائد اسکول کے بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب نواں کوٹ قصبے کے قریبی گاؤں کے ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تھانہ خانپور صدر میں شکایت درج کرائی۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں شہری کا کہنا تھا کہ وہ تحصیل لیاقت پور کے موضع سید پور کا رہائشی ہے اور نواں کوٹ میں کاروبار کرتا ہے اور اس کا 14 سالہ کزن نواں کوٹ اسکول میں آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے کزن نے 2 گواہوں کی موجودگی میں بتایا کہ چند روز قبل اس کے پرائیویٹ اسکول کے ٹیچر (چک 195-این پی کے رہائشی) نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس مکروہ فعل کی ویڈیو بھی بنائی۔
مزید کہا ’وہ اپنے متاثرہ کزن اور دو گواہوں کے ساتھ اس ٹیچر کے پاس گیا جس نے پہلے تو بہانے بنائے لیکن بعد میں اس نے طالب علم سے زیادتی اور ویڈیو بنانے کا اعتراف کرلیا‘۔
مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس ٹیچر کا موبائل فون چیک کیا تو انہیں کچھ اور لڑکوں کی نازیبا ویڈیوز بھی ملیں، اس ٹیچر نے 5 سے 6 ماہ قبل میرے کزن کو زیادتی کا نشاہ بنایا تھا اور دوسرے لڑکوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنائی تھیں لہذا پولیس کو اس جرم پر کارروائی کرنی چاہیے۔
بعد ازاں، اس معاملے کا انکشاف علاقے کے سماجی حلقوں میں ہوا تو پولیس نے تھانہ صدر خانپور میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات ’376 آئی آئی آئی‘ اور ’292‘ کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔