
مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات زاہد خان نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر تعجب کا اظہار کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما زاہد خان نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معیشت سمیت کئی چیلنجز درپیش ہیں، ایسے ماحول میں تنخواہوں میں فیصد اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئی ایم ایف سے قرضہ لے رہے ہیں اور دوسری طرف اپنی آسائش اور مراعات میں اضافے کئے جا رہے ہیں۔
زاہد خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اس سے قبل اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کر چکی ہے جب کہ ججز کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل، وزارت پارلیمانی امور نے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ 13 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، تنخواہ میں اضافہ یکم جنوری 2025 سے لاگو ہو گا۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے تھی۔