
ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی ہائی وے کو بلاک کردیا، اور منگوچر بازار میں متعدد سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد کے گروپ نے قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کیں، اور متعدد گاڑیوں کو روک لیا، انہوں نے مسافر بسوں اور نجی کاروں سمیت متعدد گاڑیوں کی تلاشی لی، جس سے راستے پر ہر قسم کی ٹریفک رک گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ منگوچر بازار میں داخل ہوا، نادرا، جوڈیشل کمپلیکس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے دفاتر سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرکے انہیں آگ لگا دی، آگ کی وجہ سے عمارتوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے پہنچنے سے پہلے مسلح افراد موقع سے فرار ہو گئے۔
کام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اور رات گئے ہائی وے پر ٹریفک بحال کردی گئی۔
ایک اور واقعے میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کوٹ لانگو کے قریب لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت حق نواز لانگو کے نام سے ہوئی۔