تھانہ شہزاد ٹاؤن میں صحافیوں کی گرفتاری پر صحافی برادری کا شدید احتجاج، فوری رہائی کا مطالبہ
اسلام آباد (احمد ضمیر سے) تھانہ شہزاد ٹاؤن میں سینئر صحافی شبیر سہام اور بشیر ملک کی گرفتاری کے خلاف صحافی برادری نے بھرپور احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں صحافی تھانے کے باہر جمع ہو گئی اور دھرنا دے کر احتجاج کا آغاز کر دیا۔
مظاہرین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ شبیر سہام اور بشیر ملک کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہیں، جو کسی طور برداشت نہیں کی جائیں گی۔
احتجاج میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (RIUJ) کے صدر طارق علی ورک اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے قائم مقام سیکریٹری شہراز گردیزی بھی شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود تھی، جو اپنے گرفتار ساتھیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئی۔ تمام رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ اگر گرفتار صحافیوں کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیل جائے گا۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن کی انتظامیہ نے صحافیوں سے مذاکرات کی کوشش کی، تاہم صحافیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے گرفتار ساتھیوں کی غیر مشروط رہائی تک دھرنا جاری رکھیں گے!