
لاہور کے مال روڈ کے چئیرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائینس کے دھرنا میں بیٹھے سینکڑوں لوگ آج جلوس لے کر چیف منسٹر ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور تشدد کیاجس سے ڈاکٹرز سمیت کئی ملازمین زخمی ہوگئے ،کئی افراد کو گرفتاری بھی کیا گیا ہے۔
22 روز سے مال روڈ چئیرنگ کراس پر دھرنا دینے والے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج میں تیزی آگئی ہے۔
مظاہرین کے مطابق ان لوگوں کے مطالبات پالیسی نوعیت کے ہیں جنہیں حکومت سننے کو تیار نہیں ہے حکومت نے بعض سرکاری ہسپتالوں کا انتظام وہاں فراہم کی جا رہی سہولیات کو غیر سرکاری اداروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کو دے دیا ہے دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ کچھ غیر نمائندہ افراد کو حکومت کی پالیسیوں کو بدلنے کے لئے سڑکیں بلاک کر کے بلیک میل نہیں کرنا چاہئے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کے پلیٹ فارم سے احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کلب روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر محکمہ صحت کیخلاف نعرے بازی کی جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی بعض لوگوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا گیٹ پھلانگنے کی کوشش کی ۔
مظاہرین وزیراعلیٰ ہاؤس کے گیٹ کے اوپر چڑھنے لگے تو پولیس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی قیادت کو گرفتار کرلیا احمد گجر، مدثر نواز اشرفی سمیت کئی نمایاں لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔