پاکستان

پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر سے اسلام آباد تک نان اسٹاپ پروازیں چلائیں جائی گی۔

واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا تھا کہ قومی ایئرلائن رواں ماہ برطانیہ کے لیے پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کرے گی۔

اس کی وجہ پی آئی اے کو برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ اور تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری ملنا ہے، تاہم اُس وقت کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔

پی آئی اے نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں اپنی ’تاریخی واپسی‘ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ انتظار ختم ہوا، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز فخر کے ساتھ مانچسٹر اور اسلام آباد کو دوبارہ جوڑ رہی ہے اور پیاروں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہائی کمیشن نے اعلان میں کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے پروازیں بھی بحال کی جائیں گی۔

جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ‘ایئر سیفٹی لسٹ‘ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ میں پروازوں کے لیے درخواست دینے کی اجازت ملی تھی۔

یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی تھی، جب برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ایوی ایشن سیکیورٹی معائنہ مکمل کیا اور پاکستان کے حفاظتی انتظامات کو ’تسلی بخش اور بین الاقوامی معیار کے مطابق‘ قرار دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button