
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے توانائی، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون پر اتفاق کیا ہے، جبکہ انقرہ نے دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انقرہ میں ترک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی، رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیےنے مثالی ترقی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انقرہ میں شاندار استقبال پر صدر رجب طیب اردوان کے شکرگزار ہیں، ان سے ملاقارت پر خوشی ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان نے 2022کے تباہ کن سیلاب میں ایک بار پھرپاکستان کا دورہ کیا، اس سے پہلے 2010کے سیلاب میں بھی آپ نے پاکستان کادورہ کرکےمتاثرین سےبھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد بےگناہ فلسطینیوں کو شہیدکیا گیا، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے ترکیے کے تعاون کے مشکور ہیں، وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں کی جائیں۔