پاکستان

سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 2 آپریشنز، مطلوب خارجی لیڈر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشن کیے، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔

اعلامیے کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا، دوران کارروائی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور کارروائی میں فورسز نے خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران کو ہلاک کر دیا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button