
پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ ( پیکا) کے تحت کارروائیوں میں تیزی آگئی، ساہیوال اور ملتان میں 2 مقدمات درج کرکے 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ساہیوال میں عسکری اداروں کےخلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ملزم افتخار کے خلاف تھانہ نورشاہ کے سب انسپکٹر محمد افضال کی مدعیت میں پیکا قانون کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم افتخار نے مختلف دنوں میں آرمی چیف اور عسکری اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کی تھیں،تھانہ نورشاہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ملتان میں نامعلوم نوجوان نے ٹریفک وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، پولیس نے 3 ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے 2 کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعےکا پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، 3 ملزمان نے اہلکار پر تشدد کیا جبکہ چوتھے نے وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
سی پی او ملتان کے مطابق سرکاری اہلکاروں پر تشدد اور سوشل میڈیا پر غیرقانونی مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ٹریفک وارڈن کو 5 روز قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔