
مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے معاملے پر بھارتی میڈیا کا بے بنیاد پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔
حملہ ہوتے ہی بھارتی میڈیا اور بالخصوص ’را‘ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں مذہب کا استعمال کرتے ہوئے غیر مسلموں کو نشانہ بنانے کا ڈراما بھی رچایا جارہا ہے، بھارت کسی غیر ملکی سربراہ کے دورے یا اہم موقع پر اس قسم کے فالس فلیگ کا ڈراما رچاتا رہتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے پاکستان مخالف شیطانی پروپیگنڈے پر مبنی کھیل ایک بار پھر کھیلنا شروع کر دیا، ہر دہشت گرد حملے کے بعد بھارتی میڈیا کا ایک ہی وطیرہ ہے کہ بغیر ثبوتوں کے پاکستان پر الزام لگاؤ، سچ چھپاؤ اور اپنی عوام کو بیوقوف بناؤ۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پہلگام حملہ 3 بجے ہوا، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے 3 بج کر 5 منٹ پر پاکستان پر الزام لگا دیا۔
حملے کے 30 منٹ بعد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان مخالف ٹوئٹس کا آغاز کر دیا، واقعے کے 30 منٹ سے 60 منٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں جے پی نڈڈا اور امت شاہ نے ٹوئٹس کر دیے۔
واقعے کے ایک سے 3 گھنٹوں بعد جعلی انٹیلی جنس رپورٹس لیک کی جاتی رہیں، جس پر آر ایس ایس کے ٹرول اکاؤنٹس بڑے پیمانے پر ری ٹوئٹ کرتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر پہلگام واقعے کے پہلے 15 منٹ میں بی جے پی سپورٹر کی جانب سے 500 بھارتی اکاؤنٹس سے ایک جیسے ٹوئٹس کیے جاتے ہیں۔
30 منٹ میں PakistanTerrorError# ٹاپ ٹرینڈ بن جاتا ہے، جس میں جعلی کشمیری ناموں سے ٹوئٹس کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے ایک گھنٹے کے بعد میجر گوینڈا جیسے فوجی اکاؤنٹس ردعمل دینے لگے تھے، پرانی ویڈیوز کو تازہ واقعے سے جوڑ کر دکھانا بھارتی میڈیا کا بھونڈا وطیرہ ہے۔
بھارتی میڈیا شواہد کے بغیر ایسے حملوں کو پاکستان مخالف جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کرتا آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حقیقت میں یہ الزامات پہلے سے تیار کیے جاچکے ہوتے ہیں، جنہیں پاکستان مخالف زہر اگلنے میں استعمال کیا جاتا ہے، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں مگر بھارت اسے ہمیشہ مسلمانوں اور پاکستان سے جوڑتا ہے۔