
حماس کے عسکری ونگ نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملے میں حماس کے 2 ارکان شہید ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے حملے میں حماس کے کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عزالدین القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کمانڈر حسن فرحت کو جنوبی لبنان کے شہر سیدون میں ان کے اپارٹمنٹ کے اندر بیٹی جینان حسن فرحت اور بیٹے حمزہ کے ساتھ شہید کر دیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے حماس کے کئی ارکان کو شہید اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی شامل ہے جو حماس کے ارکان کو حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کے لیے خدمات فراہم کرتا تھا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے آج صبح سیدون میں کیے گئے اسرائیل کے تازہ ترین حملے کی مذمت کی ہے۔
نواف سلام کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک بار پھر پرامن شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدون شہر یا کسی دوسرے لبنانی علاقے کو نشانہ بنانا لبنان کی خودمختاری پر کھلم کھلا حملہ ہے اور قرارداد 1701 اور جنگ بندی کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر نواف سلام نے اسرائیل پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسے مختلف علاقوں بشمول رہائشی علاقوں پر جاری حملوں کو روکنے پر مجبور کیا جائے اور اس بات پر زور دیا کہ فوجی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔