
لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آگیا ہے، جبکہ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین کر رہے ہیں۔
اجلاس شام 6 بج کر 10 منٹ پر وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر منعقد ہوا، جہاں چاند کی رویت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
چاند دیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوہسار بلاک کی چھت پر جدید آپٹیکل ٹیلی سکوپ نصب کر دی گئی ہے، جو اسپارکو حکام کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد ہو رہے ہیں، جہاں مقامی سطح پر چاند کی رویت سے متعلق مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر چاند کی رویت سے متعلق باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ریسرچ رویت ہلال کونسل کے مطابق شوال کا چاند گزشتہ روز 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پایا، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہوگی،
آج پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند انسانی آنکھ سے بھی آسانی سے نظر آسکے گا۔محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر آنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زیادہ ہوگی، چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔