
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ انہیں امریکی آئین کی پاسداری کرنی چاہیے یا نہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو نشر ہونے والے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ آیا انہیں امریکی آئین کی پاسداری کرنی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ تیسری بار صدارتی انتخاب لڑنے پر سنجیدگی سے غور نہیں کر رہے، حالانکہ چند روز قبل ہی انہوں نے ایک اور انٹرویو میں اظہارخیال کرتے ہوئے تیسری مدت کے لیے بھی صدارتی انتخاب لڑنے کا واضح اشارہ دیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق این بی سی نیوز کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ کی میزبان کرسٹن ویلکر نے یہ پوچھا کہ کیا ان کا خیال ہے کہ انہیں ملک کے سپریم لاء کی پاسداری کرنی چاہیے، تو ٹرمپ نے جواب دیا،’مجھے نہیں معلوم۔‘
اص طور پر یہ پوچھے جانے پر کہ کیا امریکی شہریوں اور غیر ملکیوں, دونوں کے خلاف قانونی کارروائی منصفانہ، شفاف اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے، جس میں اسے اپنا دفاع کرنے کا مناسب موقع ملے جیسا کہ امریکی آئین میں بیان کیا گیا ہے، ٹرمپ نے کہا: ’ میں وکیل نہیں ہوں، مجھے نہیں معلوم۔’
واضح رہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کے لیے امریکی صدر کے جارحانہ اقدامات پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جارہی ہے، لیکن ٹرمپ کا اصرار کرتے ہیں کہ یہ اقدامات اس بات کے پیش نظر ضروری ہیں جسے انہوں نے’ قومی ایمرجنسی’ قرار دیا ہے۔