پاکستان

سی پی این ای سندھ کمیٹی کا اجلاس، صحافی اے ڈی شر کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) سندھ کمیٹی کے اجلاس میں ٹھری میرواہ میں صحافی اے ڈی شر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فی الفور گرفتار ی کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں میڈیا کی آزادی پرپابندیوں اور پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کی گرفتاری پر بھی انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری انفارمیشن سندھ ندیم الرحمان نے خصوصی شرکت کی ۔

سیکریٹری انفارمیشن نے اجلاس میں ممبران کی جانب سے آزادی صحافت کی صورت حال پر تحفظات کے اظہار کے جواب میں کہا کہ سندھ کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پریکٹشنرز کو فعال بنانے کا عمل جاری ہے۔

سیکریٹری انفارمیشن نے اشتہارات کے واجبات کے حوالے سے بتایا کے 2014 سے 2021 تک کے بجیٹیڈ اور نان بجیٹیڈ اشتہارات کا آڈٹ جاری ہے بجیٹیڈ واجبات کا آڈٹ مکمل ہوگیا ہے جبکہ نان بجیٹیڈ واجبات کا آڈٹ جاری ہے، جو امید ہے کہ اس ماہ کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا ،

انہوں نے مزید بتایا کہ اشتہارات کے حوالے سے نئی پالیسی کے تحت بجٹیڈ اور نان بجٹیڈ اداروں کو الگ کردیا گیا ہے جبکہ 2021 کے بعد کے واجبات کے سلسلے میں اداروں کے لیے ون لائنر کی پالیسی بنادی گئی ہے جس سے معاملات حل کرنے میں آسانی ہوگی ۔

انہوں نے پرنٹ میڈیا کے اشتہاراتی واجبات کی ادائیگیاں بہتر بنانے اور چھوٹے اخبارات اور ریجنل اخبارات کے کوانٹم میں اضافے کے لیے ڈائریکٹر یوسف کابورو کو خصوصی ہدایات دیں۔

سی پی این ای سندھ کمیٹی کے چیئرمین عامر محمود نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے سیکریٹری انفارمیشن کو پرنٹ میڈیا کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا اور اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور واجبات کی ادائیگیوں میں جاری تاخیر کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کے لیے 40 فی صد بجٹ مختص کیا جائے، جس کے لیے وزیر اطلاعات کو خطوط بھی لکھے جا چکے ۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل اعجاز الحق نے شارٹ نوٹس پر اجلاس میں شرکت کرنے پر سیکریٹری انفارمیشن شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ندیم الرحمان پرنٹ میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں وفاق پر اخبارات کے بجٹیڈ واجبات کے بارے میں صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں سی پی این ای نے حکومت کو خطوط بھی لکھے ہیں،امیدہے 60 سے 90 دن میں پرنٹ اور دیگر میڈیا کو بجٹیڈ واجبات کی ادائیگیاں کردی جائیں گی۔

ڈاکٹر جبار خٹک نے اخبارات کے اشتہارات کے واجبات اور کوانٹم کو شفاف بنانے کے لیے انفارمیشن ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں روزنامہ غریب فیصل آباد کے ایڈیٹر تنویر شوکت کی اہلیہ اور صحافی ای ڈی شر کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین فقیر منٹھار منگریو، سینئر نائب صدر انور ساجدی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، فنانس سیکریٹری حامد حسین عابدی، سینئر اراکین ڈاکٹر جبار خٹک، حسن عباس، عبدالخالق علی، عبدالرحمان منگریو، علی حمزہ افغان، قاضی عامر جبران، غلام شبیر، شیر محمد کھاوڑ، بشیر احمد میمن، محمد قاسم سومرو، عبدالرسول سومرو، عمران کورائی، مقصود یوسفی، محمود عالم خالد، سلمان قریشی، مدثر عالم، محمد سعید شاہ، نصرت مرزا، شاہد ساٹی، سلیم شیخ، مظفر اعجاز، نسیم اختر شیخ سمیت ڈی جی پی آر ڈاکٹر معیز الدین پیرزادہ اور ڈائریکٹر انفارمیشن (اشتہارات)محمد یوسف کابورو بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button